• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ کے 5 سال کا حساب دینے کو تیار ہوں، مفتاح اسماعیل


اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل نے حکومت کو ن لیگ کے 5 سالہ دور کا حساب دینےکی پیشکش کردی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران مفتاح اسماعیل نےکہا کہ آپ ہم سے چاہیں تو حساب لے لیں، ن لیگ کے 5 سال کا حساب دینے کے لیے تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ خان صاحب اپنے دور کی بھی تحقیقات کرائیں، مسلم لیگ (ن) نے جب حکومت چھوڑی تو قومی انکم بڑھ رہی تھی، پی ٹی آئی نے پہلے ہی سال قومی انکم کو کم کیا اور اس سال تو منفی کردیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم مہنگائی 3 اعشاریہ 9 فیصد پر چھوڑ گئے تھے جو اب 12 تک چلی گئی ہے، کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتیں مسلسل بڑھتی جارہی ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ آٹا ہماری حکومت میں 35 روپے کلو تھا جو آج 70 روپے سے زیادہ کا مل رہا ہے جبکہ مختلف اشیاء کی قیمتیں سو گنا بڑھ چکی ہیں۔

مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ حکومت تو ہر الزام مافیا کے اوپر ڈال دیتی ہے لیکن سب سے زیادہ نقصان غریب کا ہورہا ہے۔

انہوں نےکہا کہ جس بنیاد پر چینی ایکسپورٹ کی وہ اعداد و شمار ہی غلط تھے، حکومت نے مشینری امپورٹ کم کرکے ملکی معیشت کو سست کردیا۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ایک طرف ہماری حکومت نے 5 سال میں10ہزار ارب روپے کا قرض لیا، دوسری طرف تحریک انصاف 2 سال میں11ہزار ارب روپے کا قرض لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دور میں سب سے بڑی ناکامی ٹیکس جمع نہ کرکے ہوئی، حکومت ایف بی آر کے 5 چیئرمین تبدیل کرچکی ہے، کیوں؟ یہ بات سمجھ میں نہیں آرہی۔

مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ 2 سالوں میں گیس کی قیمتیں دگنی ہوگئی، گردشی قرضے 22 سو ارب روپے کے ہوچکےہیں۔

انہوں نےکہا کہ بجلی کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے دیگر قیمتیں بھی بڑھ گئیں، کراچی میں ظالمانہ لوڈشیڈنگ کی گئی جبکہ اس حکومت نے پورے ملک میں لوڈشیڈنگ شروع کردی۔

تازہ ترین