وفاقی وزیرِ انسانی حقوق شیریں مزاری کہتی ہیں کہ میر حاصل بزنجو جیسے لوگ جمہوریت کا حسن تھے۔
نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سینیٹر میر حاصل بزنجو کے انتقال پر قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ میر حاصل بزنجو جمہوری سوچ کے بڑے سیاستدان تھے۔
انہوں نے کہا کہ حاصل بزنجو نے جمہوریت کے لیے طویل جدوجہد کی، وہ بلوچستان کے حقوق کے لیے ایک مضبوط آواز تھے۔
شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ جمہوریت کیلئے حاصل بزنجو کی قربانیوں کے ساتھ ان کا رویہ بھی جمہوری تھا، انہوں نے ہمیشہ اپنی بات جمہوری انداز میں اجاگر کی۔
انہوں نے کہا کہ حیات بلوچ کے قتل پر اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج ہو گیا ہے، یہ بھی پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ فائرنگ کرنے والے ایف سی اہلکار گرفتار کر لیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی جی ایف سی خود حیات بلوچ کے ورثاء کے پاس گئے، انہوں نے حیات بلوچ کے گھر جا کر ہر صورت انصاف ہونے کا یقین دلایا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: سینیٹر میرحاصل بزنجو انتقال کرگئے
شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ حیات بلوچ کے قتل کی میں نے خود مذمت کی تھی، اب پاکستان میں فضا بدل رہی ہے، کسی پر بھی ظلم و تشدد ہو، اس کے خلاف تحقیقات کی جائیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ہمیں ظلم کے خلاف اسمبلی میں بار بار آواز اٹھانا پڑے گی، حیات بلوچ کے قاتلوں کو سزا ضرور ملنی چاہیے۔
وفاقی وزیر شیریں مزاری کا یہ بھی کہنا ہے کہ ظلم کرنے والوں کو جلد سزا ملنی چاہیے، سندھ میں ایک صحافی کے قتل کے معاملے پر کمیٹی ابھی تک نہیں بنائی گئی۔