کراچی میں گرجتے برستے بادلوں کے بعد سیلابی ریلوں کی بھرمار ہوگئی، حسب معمول سڑکیں دریا اور گلیاں تالاب بن گئیں۔
بارش کے بعد کچھ علاقوں میں نالے اُبل گئے، گندے پانی اور کچرے کے ساتھ ساتھ گاڑیاں بھی بہہ گئیں، موٹر سائکلیں ڈوب گئیں اورچلتی بسوں کے انجن جواب دے گئے۔
سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد کی سڑکیں سوئمنگ پول بن گئیں۔
یوسف گوٹھ میں مکینوں نے گھروں کی چھتوں پر پناہ لے لی، بلدیہ ٹاؤن کی گلیوں میں پانی کا راج ہے جبکہ اورنگی کی فرنٹئیر کالونی میں ندی بپھر گئی اور پانی مکانوں میں داخل ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیے: کراچی: سرجانی ٹاؤن میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ
علی گڑھ مارکیٹ کے دکاندار بے بسی کی تصویر بن گئے، کئی شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام رہا۔
حسب معمول بارش برستے ہی کے۔الیکٹرک کے دو سو فیڈرٹرپ کرگئے اور کئی علاقوں کی بجلی غائب ہوگئی۔
ملیر میمن گوٹھ میں آسمانی بجلی گرنے سے دو نوجوان جان سے گئے۔
نارتھ کراچی یو سی 14 بسمہ ہوٹل کے قریب پانچ افراد گجر نالے میں بہہ گئے، دو افراد کو بچالیا گیا، تین کی تلاش جاری ہے۔
گجر نالے میں بہہ جانے والے افراد نالے کے ساتھ لگے ٹھیے کو بچانے کی کوشش کررہے تھے۔
محکمہ موسمیات نے پیر تک مزید بارشوں کا امکان ظاہر کردیا ہے۔