ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتی ہے، حکمران سرکاری خرچے پر جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں، دو سال سے کاغذ لہرائے جارہے ہیں کہ این آراو نہیں دوں گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف نے کھربوں کے منصوبے لگائے جن پر موجودہ نالائق تختیاں لگارہے ہیں، سلیکٹڈ وزیراعظم کے پاس این آر او دینے کا اختیار نہیں ہوتا، جبکہ کس نے مانگا ہے این آر او، نام تو بتادیں، این آر اور نہ آپ دے سکتے ہیں اور نہ آپ کی اوقات ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف بل کی آڑ میں حکومت سیاسی مخالفین کو رگڑناچاہتی تھی، ان کو یہ نہیں پتا تھا کہ اس ڈرافٹ میں کیا ہے، ایف اےٹی ایف بل پر کسی نے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے تو وہ اپوزیشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکی کے صدر پاکستان آئے تو عمران خان نےجوائنٹ سیشن کا بائیکاٹ کیا، عمران خان کے دھرنےکی وجہ سے چینی صدر کا دورہ منسوخ ہوا، جبکہ فیض آباد کا دھرنا بھی عمران خان نے پلان کیا تھا اور دھرنوں کو جو مثال عمران خان نے قائم کی اس کی مثال نہیں ملتی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ منی لانڈرنگ کا نام ایف اے ٹی ایف بل میں ن لیگ نے ڈلوایا، ایف اے ٹی ایف بل میں حکومت نے منی لانڈرنگ کا نام شامل ہی نہیں کیا تھا، جبکہ ایف اے ٹی ایف بل پاس کرانے میں سب سے بڑی رکاوٹ حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے پاکستان گرے لسٹ میں رہے، یہ ہر ممکن کوشش کررہے ہیں کہ اپوزیشن سے محاذ آرائی کرکے ایف اے ٹی ایف بل کو رکوائیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کاغذ لہرانے سے منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوتی، عدالتوں میں ثابت کرنا ہوتا ہے، انہیں حکومت چلانے کے لیے نواز شریف کا نام لینا پڑتا ہے۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ چینی چوروں کو حکومت نے جہاز میں بٹھا کر فرار کرایا، ملک میں مہنگائی، بےروزگاری عروج پر پہنچ چکی ہے، ان کی کرپشن کی وجہ سے چینی، آٹے کی قیمتیں کہاں پہنچ چکی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف حکومت کی اجازت سے باہر گئے ہیں، عبرت کا نشان بنانا ہے تو ڈاکٹر یاسمین راشد اور اسپتال کے ڈاکٹروں کو بنا کر دکھائیں، جب کارکردگی دکھانی ہوتی ہے نوازشریف کے منصوبوں پر تختی لگانی پڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف، نواز شریف نے منی لانڈرنگ کی ہے تو حکومت عدالت میں ثبوت پیش کیوں نہیں کرتی؟ منی لانڈرنگ پر جہانگیر ترین کو بلائیں جنہیں چارٹر جہاز میں لندن بھیجا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے ایف اے ٹی ایف کی قانون سازی پر اپوزیشن کو خط لکھا اور حقیقت کا اعتراف کیا۔