وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ پر تبصرہ کرنے والے وفاقی وزیر فواد چوہدری کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
جیو نیوز سے گفتگو میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ فواد چوہدری ڈاکٹر نہیں، ان کے لیے میڈیکل رپورٹ کو سمجھنا مشکل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ کی کوئی تحقیقات کرنا چاہیے تو سو دفعہ کرلے۔
وزیر صحت پنجاب نے مزید کہا کہ میرے اندازے میں کوئی غلط کام نہیں ہوا، مجھے اپنے پروفیسر پر یقین کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پرنسپل سمز محمود ایاز کے پاس نواز شریف کے خون کے تمام نمونے محفوظ ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے یہ بھی کہا کہ انسانی بنیادوں پر میڈیکل بورڈ نے بعض ٹیسٹ باہر سے کرانے کی سفارش کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میڈیکل بورڈ کا خیال تھا کہ جو ٹیسٹ یہاں دستیاب نہیں وہ باہر جاکر کروالیں۔