پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کیلئے ہر جماعت کے پاس جائیں گے، امید ہے کہ جلد اس نااہل حکومت سے نجات مل جائے گی۔
قمرزمان کائرہ نے کہا کہ حکومت نے جتنے وعدے کیے وہ سب جھوٹے نکلے، عمران خان اپنےجلسوں میں کہتے تھےپی ٹی آئی سونامی لائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت بھی کہتے تھے کہ سونامی تباہی کا نام ہے، آج عمران خان کے ہاتھوں ملک تباہی کے دہانے پر ہے، دھرنوں کےخلاف ہیں لانگ مارچ اور احتجاجی مظاہرے کرنا ہوں گے۔
قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی ہیجان ہے، حکومت تقسیم کو گہرا کر رہی ہے، کورونا کے دوسرے فیز کا خطرہ ہے، عوام کو محتاط رہنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نیب سیاسی انجینئرنگ کا ادارہ بن کے رہ گئی ہے، سیاسی انجینئرنگ پر جنرل حمید گل اور اسلم بیگ کے سپریم کورٹ میں بیان موجود ہیں۔
قمر زمان کائرہ نے یہ بھی کہا کہ شہید بی بی بھی یہی کہتی تھیں اس وقت کہا جاتا تھا پیپلزپارٹی اداروں کیخلاف ہے، عمران خان کی ناکامیوں اور تباہ کاریوں پر سلیکٹرز کو بھی ایک دن سوچنا پڑے گا۔