جمیعت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ نون کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال اور اے پی سی کے ایجنڈے پر مشاورت کی گئی۔
ملاقات میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ مشترکہ اپوزیشن ہو، شکایات اور تحفظات باہمی احترام کے ساتھ دور کریں، حکومت کے خلاف تحریک چلانے پر اتفاق رائے ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ مسلم لیگ نون کے وفد کو خوش آمدید کہتا ہوں، مسلم لیگ ن اور پی پی پی کی مشاورت سےمشترکہ حکمت عملی بنائی جائے، افادیت اسی میں ہے کہ آپس کے تحفظات اور شکایات کو باہمی اعتماد کیساتھ دور کریں۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ اور مستحکم حکمت عملی کی ضرورت ہے، حکومت کے خلاف تحریک پر ہماری یکسوئی ہے، اپوزیشن کی چھوٹی جماعتوں کا اجلاس بلاچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ مشترکہ اپوزیشن ہو، شکایات اور تحفظات باہمی احترام کے ساتھ دور کریں، حکومت کے خلاف تحریک چلانے پر اتفاق رائے ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج سے چند روز قبل مولانا کو فون کیا اور بتایا میں اسلام آباد آرہا ہوں، مولانا کو کہا آپ سے سیاسی صورتحال پر مشاورت کرنی ہے، آج ہماری بڑی حوصلہ افزا مشاورت ہوئی ہے۔
قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے یہ بھی کہا کہ مولانا نے اپنی بات بھی تفصیل سے کی اور ہماری بات بھی سنی، پارلیمان کے اندر اور باہر تمام سیاسی جماعتوں کو متحد کیا جائے گا۔