• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسد قیصر سے صدر بین الپارلیمانی یونین کی ملاقات، عالمی امور پر گفتگو

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے صدر بین الپارلیمانی یونین گیبریلا کیووس بیرن نے ملاقات کی۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر  اسد قیصر نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور میکسیکو کے درمیان دوستی باہمی تعاون اور اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہے، دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے رابطوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ اقوام عالم کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بین الپارلیمانی رابطےکلیدی اہمیت کے حامل ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیاں دنیا کی فوری توجہ کی متقاضی ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا قیام نا ممکن ہے، پاکستان کی موجودہ حکومت پارلیمان کی بالادستی اور قانوں کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔

 سرکاری اعلامیہ کے مطابق صدر آئی پی یو نے اسپیکر قومی اسمبلی کی پارلیمانی رابطوں کو فروغ دینے کی کاوشوں کو سراہا، اور کہا کہ پاکستان کی پارلیمان آئی پی یو کی سرگرم رکن ہے، خطے میں پارلیمانی رابطوں کو مزید موثر بنانے کے لیے پاکستان کی پارلیمنٹ سے تعاون جاری رہے گا۔

تازہ ترین