• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کی فضل الرحمٰن سے ملاقات، تحفظات پر گفتگو، مولانا نے چھوٹی جماعتوں کا اجلاس بلال لیا

شہباز شریف کی فضل الرحمٰن سے ملاقات، تحفظات پر گفتگو


اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اور امیر جمعیت علمائے اسلام ( ف ) مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان ملاقات، دونوں رہنمائوں نے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا جبکہ اے پی سی کے حوالے سے تحفظات دور کرنے پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ تمام جماعتوں کو اکٹھا کرکے مشاورت کریں گے ہم سب مل کر بیٹھ کراے پی سی بلائیں گے، شہبازشریف نے کہا کہ اے پی سی ہوگی اور ضرور ہوگی، اس کے متعلق رہبر کمیٹی کے اجلاس میں مشاورت کریں گے۔

مولانافضل الرحمٰن نے کہا کہ باہمی مشاور ت سے مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے موجود ہ صورتحال کاتقاضہ ہے کہ ہم باہمی تحفظات کودور کریں۔

دوسری جانب ملاقات کے بعد مولانافضل الرحمٰن نے 10چھوٹی اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس طلب کرلیا ہے ، جماعت اسلامی، نیشنل پارٹی اور اے این پی ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، جمیعت اہلحدیث، جے یو پی، قومی وطن پارٹی ، بی این پی مینگل، بی این پی عوامی کو شرکت کی باقاعدہ دعوت دے دی گئی ہے۔

اجلاس میں آئندہ کی مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا،دریں اثناصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانافضل الرحمٰن نے کہا کہ عمران خان نااہلی اور نالائقی کی بنیاد پر مین آف دی ایئر ہیں اور ملکی تاریخ کے نااہل ترین حکمران ہیں۔

تازہ ترین