اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ایوان بالا نے قومی اسمبلی سے منظور شدہ اسلام آباد دارالخلافہ وقف املاک بل 2020 اوراینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ ترمیمی بل 2020 مسترد کردیئے ،اب حکومت کو یہ بل منظور کرانے کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانا پڑے گا۔
ایوان میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں شدیدتلخ کلامی اورشورشرابہ ہوا‘سینیٹر مشاہداللّٰہ نے کہاکہ آنکھیں نہ دکھائیں نکال دیں گےجس پر قائد ایوان شہزاد وسیم نے کہا کہ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں میں اکیلا ہی آپ کیلئے کافی ہوںجبکہ فیصل جاوید نے کہا کہ اگر یہ بل پاس نہیں ہوتا تو ملک کے حالات بہت برے ہو جائینگے ہم این آر او نہیں دینگے۔
تفصیلات کے مطابق منگل کو سینیٹ میں ڈاکٹر شہزاد وسیم کی جانب سے شہباز شریف اور آصف زرداری کے حوالے سے ریمارکس پر معافی نہ مانگنے پر ماحول انتہائی تلخ رہا۔
ایک موقع پرشہزاد وسیم پیپلز پارٹی کے سینیٹر اسلام الدین شیخ کی جانب مارنے کیلئے لپکے،بلوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ یہ ملکی مفاد کیلئے قانون سازی ہو رہی ہے۔
اپوزیشن کم اور چھوئی موئی زیادہ ہے جس پر اپوزیشن ارکان نے خوب شور مچایا۔
سینیٹر شیریں رحمٰن نے کہا ہم اس بل کی مخالفت کرتے ہیں آپ دیکھیں گے بلڈوزر کیسے چلتا ہے، پارلیمانی امور کے مشیر بابر اعوان اور رضا ربانی کے درمیان زبردست بحث ہوئی ۔