اسلام آباد( طاہر خلیل) وزیر داخلہ چوہدری نثار اپنی اہلیہ کے علاج کے لئے آج جرمنی جائیں گے۔ بیگم نثار علی خان کے علاج کے لئے جرمن ڈاکٹرز سے کچھ عرصہ قبل وقت مانگا گیا تھا ،قواعد کے تحت وزیرداخلہ کی حیثیت سے انہیں اپنے اہل خانہ کے سرکاری خرچ پر علاج معالجے کی سہولت حاصل ہے لیکن انہوں نے اپنی اہلیہ کے علاج کے اخراجات ذاتی جیب سے ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چوہدری نثار نے اس ضمن میں وزیراعظم سے چھٹی مانگی تھی جسے منظور کر لیاگیا۔ وزیر داخلہ تین روزہ نجی دورے پر آج جرمنی جائیں گے جہاں سے وہ امریکا کے سرکاری دورے پر جائیں گے۔ نیو یارک میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام انسداد منشیات سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور آئندہ ہفتے وطن واپس آجائیں گے۔