• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمۂ موسمیات نے شہر میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

کراچی کے علاقوں صدر، ڈیفنس، آئی آئی چندریگر روڈ، ماڑی پور، بلوچ کالونی، شارع فیصل، ملیر، اختر کالونی، کشمیر کالونی، منظور کالونی اور محمود آباد میں صبح سویرے بارش ہوئی۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 24 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

شہرِ قائد میں جنوب مغرب سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 91 فیصد ہے۔

کراچی کی بیشتر سڑکوں سے گزشتہ روز کی بارش کا پانی اتر گیا، تاہم گلی محلوں میں کہیں پانی اور کہیں کیچڑ سے مکینوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

ادھر بلوچستان کےمختلف علاقوں میں مون سون کے نئے اسپیل کے باعث بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

ہرنائی، مستونگ، بولان میں کبھی تیز اور کبھی ہلکی بارش ہوئی، کوئٹہ میں بھی ہلکی بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا۔

وادیٔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا، نصف گھنٹے کی بارش سے شہر میں جل تھل ایک ہو گیا۔

ہرنائی اور اس کے گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش اور ندی نالوں میں سیلاب آنے کے باعث ہرنائی کا زمینی رابطہ ملک بھر سے منقطع ہو گیا۔

ہرنائی کوئٹہ قومی شاہراہ زیارت کچ کے مقام پر اور ہرنائی پنجاب قومی شاہراہ مختلف مقامات پر سیلاب کے باعث بند ہونے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

حب، قلات، مستونگ اور بولان میں بھی بارش سے ندی نالوں میں پانی آگیا، مچھ ندی میں طغیانی سے مچھ ندی کا پل ٹوٹ گیا۔

سبی شہر وگرد و نواح میں تیز ہوا کے بعد موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے الہٰ آباد، غریب آباد، کلی در محمد اور لونی روڈ زیرِ آب آگئے۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

کراچی، بعض انڈر پاسز بھی بارش کے پانی سے بھر گئے، ٹریفک کیلئے بند

محکمۂ آب پاشی کے مطابق ضلع بولان اور ہرنائی میں طوفانی بارشیں کے باعث دریائے ناڑی میں اونچے درجے کا سیلاب رہا اور 72000 کیوسک کا سیلابی ریلہ سبی ہیڈ ورکس کے مقام سے گزرا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آج سے پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات نے دریائے جہلم میں سیلاب الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے سیلابی صورتِ حال کے دوران امدادی کارروائی کی مشق کا آغاز کر دیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بالائی پنجاب اور کشمیر میں موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔

تازہ ترین