• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

FATF کے نام پر عمران خان کو ہٹلر نہیں بننے دیں گے، احسن اقبال


مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کہتے ہیں کہ ایف اے ٹی ایف کے نام پر عمران خان کو پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ نون احسن اقبال نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے نام پر پاکستان کو فاشسٹ ریاست نہیں بننے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف کو شکست نہیں دی، ایسے نظام کو شکست دی جو حکومت بلڈوز کرنا چاہتی تھی۔

احسن اقبال نے کہا کہ ایک سال ہوگیا لیکن نیب میرے خلاف ریفرنس دائر نہیں کر سکا، مجھے گرفتار بھی کیا گیا، جیل میں بھی رکھا گیا، ضمانت کے بعد آج میری ساتویں پیشی تھی۔

انہوں نے کہا کہ حیلے بہانے کر کے نیب ہر بار نئی تاریخ لے لیتا ہے، سپریم کورٹ میں نیب کا مؤقف ہے کہ احتساب عدالتیں فیصلے نہیں کرتیں اس لیے تاخیر ہو رہی ہے۔

رہنما نون لیگ نے کہا کہ نیب کو جھوٹ گھڑنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے، پاکستان کے نوجوانوں کو عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کرنے کا جرم بار بار کروں گا۔

ان کا کہنا ہے کہ کیا شراب کا پرمٹ دینا ٹھیک ہے لیکن کھیلوں کا انفرا اسٹرکچر تعمیر کرنا کرپشن ہے؟ وزیرِ مواصلات بتائیں کہ ڈیڑھ سال قبل بننے والی جے آئی ٹی کہاں گئی؟ اس جے آئی ٹی کا جے بھی سامنے نہیں آیا۔

یہ بھی پڑھیئے: احسن اقبال غلطی سےاحتساب عدالت جا پہنچے

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کا صرف ایک ایجنڈا ہے کہ مخالفین کی کردار کشی کرو، اپوزیشن عمران خان سے کوئی این آر او نہیں مانگ رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین کو رات کی تاریکی میں فرار کرایا گیا تھا تو آپ نے انہیں این آر او دے دیا تھا۔

احسن اقبال کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ صحت کو دوائی اسکینڈل میں ہٹا دیا لیکن پارٹی کا عہدہ دیا تو آپ نے این آر او دیا، عمران نیازی نے چینی اور شوگر مافیا کو این آر او دے دیا۔

تازہ ترین