سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ دو بلز منظور ہوئے نہ ہی مسترد بلکہ زیر التوا ہیں۔
رضا ربانی نے کہا ہے کہ سینیٹ نے انسداد منی لانڈرنگ اور اسلام آباد وقف املاک بلز کو پیش کرنے کی تحریک مسترد کردی تھی، اس لیے دنوں بلز منظور ہوئے اور نہ ہی مسترد ہوئے ہیں بلکہ زیر التوا ہیں۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے رولنگ دی کہ انہوں نے دونوں بلز قواعد کے مطابق منظوری کے لیے پیش کیے تھے۔
سینیٹ کی جانب سے انسداد منی لانڈرنگ اور اسلام آباد وقف املاک بلز مسترد کیے جانے کے معاملے پر سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے بلز منظوری کے لیے پیش کرنے کے معاملے پر قواعد کی خلاف ورزی کی نشاندہی کردی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے بلز پیش کرنے کی تحریک مسترد کی تھی، اس لیے یہ بلز منظور ہوئے ہیں نہ مسترد بلکہ ایوان میں زیرالتوا ہیں۔
رضا ربانی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن پر تنقید کی لیکن اگر انہوں نے بلز پڑھے ہوتے تو وہ انھیں ایسے منظوری کے لیے پیش نہ کرتے۔
چیئرمین سینیٹ نے رولنگ دی کہ دونوں بلز ووٹ کے ذریعے مسترد کیے گئے، کارروائی رولز کے مطابق تھی۔
جیو نیوز کے رابطہ کرنے پر سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نےکہا کہ چیئرمین سینٹ نے اپنی رولنگ میں تحریک کے مسترد ہونے کے بعد بلز ووٹ کے لیے پیش کرنے کے معاملے کا جواب نہیں دیا۔