• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوگ ہمارا ساتھ دیں پاکستان میں ایٹم بم سے زیادہ دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے، سراج الحق

دھیرکوٹ (نمائندہ جنگ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسینٹر سراج الحق نے دھیرکوٹ میں”تبدیلی کنونشن“ سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ آزادکشمیرکے لوگ آزمائے لوگوں کو نہ آزمائیں ،آزادکشمیرسے بیروزگاری کے خاتمے،تعمیروترقی ،صحت کی سہولتوں ،تعلیمی اور انسانی وسائل کی ترقی ،کرپشن سے نجات ،قانون اور میرٹ کی حکمرانی اور قومی وسائل کے تحفظ کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں،پاکستان میں ایٹم بم سے زیادہ دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے،انہوں نے کہاکہ ہم کشمیرکوایک فلاحی ،اسلامی اور خوشحال ریاست دیکھناچاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں سڑکوں کی ابترصورتحال ،پینے کے صاف پانی ،بیروزگاری اورکرپشن کے خاتمہ کیلئے عوام کو لائحہ عمل اختیارکرناہوگا۔ انہوں نے کہاکہ غربی باغ کے لوگوں نے تاریخی استقبال کرکے اسلامی انقلاب اور اسلامی پاکستان اور اسلامی کشمیرکی بنیادرکھی ہے ،پاکستان میں لوگ سندھی ،بلوچی، پٹھان اور پنجابی کے چکر سے نکل کر ایک اُمت بن کر آگے بڑھیں اور پاکستان اور کشمیرسے بیروزگاری ، کرپشن کے خاتمے کیلئے اپناکردار اداکریں ،انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان بےروزگاری کی وجہ سے اپنی ڈگری جلانے  اور بیرون ملک بھاگنے پر مجبور ہورہاہے، ہمارے ملک کے ٹیلنٹ سے غیر ممالک استفادہ کررہے ہیں، پاکستان میں ایٹم بم سے زیادہ دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں یکساں نظام تعلیم، غریب کیلئے مفت علاج ، بڑھاپا الاؤنس ، بیروزگاری الاوئنس دیاجائے اور اگرہمیں موقع ملا تو سارے اقداما ت اٹھائیں گے ۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ باغ اور مظفرآباد سے اسلام آباد موٹروے بنائی جائے، اگر پاکستان کے دوردرازعلاقوں میں موٹروے بن سکتی ہے تو یہاں پر کیوں نہیں بنی۔ ہمیں موقع ملا تو اس خطے کی خوشحالی اور ترقی کیلئے مواصلات کے نظام کو بھی بہتر بنائیں گے ۔
تازہ ترین