پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سپرمون سون کی تیز ترین بارشیں اور ریلےآج بھی جاری ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ گزشتہ روزتک سندھ نے اپنی 90 سالہ تاریخ کی بدترین مون سون بارشیں دیکھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپرمون سون کی تیز ترین بارشیں اور ریلےآج بھی جاری ہیں۔
بلاول بھٹو نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان لوگوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں جو غیر معمولی اور قدرتی آفت میں شہریوں کی مدد کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی کےمختلف علاقوں میں آج صبح سے شدید موسلا دھار بارش جاری ہے، جس کی وجہ سے کئی اہم سڑکوں پر پھر پانی جمع ہو گیا، شہریوں کی گاڑیاں بند ہو گئیں۔
محکمۂ موسمیات نے آج ہلکی اور معتدل بارش کی پیشگوئی کی تھی، تاہم اب محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سسٹم کمزور ہونے کی بجائے دوبارہ زور پکڑ رہا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کمزور ہوتا سسٹم بلوچستان سے آنے والے سسٹم سے مل کر مضبوط ہو گیا ہے، جبکہ بحیرۂ عرب میں بننے والا سسٹم کمزور پڑ رہا تھا۔
ماہرینِ موسمیات کے مطابق سمندر سے کیر تھر تک بارش برسانے والے بادلوں کا سسٹم بن چکا ہے۔