اسلام آباد (نمائندہ جنگ) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمٰن سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا پیغام پہنچایا۔ لیاقت بلوچ نے اپوزیشن جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی نااہلی‘ ناکامی روز روشن کی طرح ہے۔ مسئلہ کشمیر و فلسطین پر حکومتی کردار مایوس کن ہے۔ انجینئرڈ انتخابات کے بعد عمران خان کی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے۔ جماعت اسلامی کا مولانا فضل الرحمٰن اور اپوزیشن جماعتوں کی حکومت مخالف جدوجہد سے کوئی اختلاف نہیں۔ اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ برقرار رہے گا لیکن اس مرحلہ پر جماعت اسلامی اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہیں کرے گی۔ مولانا فضل الرحمٰن اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں سے قومی امور پر رابطہ اور تبادلہ خیال ہوتا رہے گا۔