• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائی کمیشن لندن کی جج ارشد ملک کی ویڈیو پر فارنزک رپورٹ کی تصدیق

ہائی کمیشن لندن کی جج ارشد ملک کی ویڈیو پر فارنزک رپورٹ کی تصدیق


لندن (سعید نیازی) پاکستان ہائی کمیشن نے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کی آڈیو اور ویڈیو سے متعلق فارنزک رپورٹ کی تصدیق کر دی ہے جو کہ ایک برٹش فارنزک فرم نے تیار اور اس کے اصلی ہونے کی تصدیق کی تھی۔ جمعرات کی شام ناصر بٹ فارنزک رپورٹ کے چار والیوم اور اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) کی جانب سے رپورٹ کی تصدیق کے احکامات کے ہمراہ پاکستان ہائی کمیشن لندن پہنچے۔ جج ارشد ملک ویڈیو سکینڈل کے مرکزی کردار ناصر بٹ دو گھنٹے سے زائد پاکستان ہائی کمیشن میں رہے اور باہر آنے کے بعد میڈیا کو بتایا کہ فارنزک رپورٹ کی تصدیق ہو گئی ہے اور یہ جلد ہی پاکستان بھیج دی جائے گی، جہاں نواز شریف کے فلیگ شپ اور العزیزہ کیسز کی سماعت کے دوران عدالت کو پیش کی جائے گی۔ پاکستان ہائی کمیشن نے بھی بتایا ہے کہ فارنزک رپورٹ کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ قبل ازیں ناصر بٹ نے چار مرتبہ پاکستان ہائی کمیشن سے رابطہ کیا تھا مگر ہائی کمیشن کے حکام نے رپورٹ کی تصدیق سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ دفتر خارجہ پاکستان نے اس کی اجازت نہیں دی۔ ناصر بٹ نے میڈیا کو بتایا کہ وہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے شکر گزار ہیں جس نے اس ضمن میں احکامات جاری کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے جج ارشد ملک کی برطرفی اس کی دلیل ہے اور اس سے تصدیق ہوتی ہے کہ حکومت کی جانب سے ان کے خلاف لگائے گئے الزامات غلط اور بے بنیاد ہیں۔

تازہ ترین