کراچی میں نویں محرم الحرام کا جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا اور روایتی راستوں سے گزر کرحسینیہ ایرانیان کھارادر پر ختم ہوا، مرکزی مجلس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔
کراچی میں نویں محرم الحرام کی مجلس سےخطاب میں علامہ شہنشاہ نقوی نے شہدائے کربلا کے مصائب، فضائل اور اُن کی لازوال قربانیوں پر روشنی ڈالی۔
مجلس کے بعد مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، نماز ظہرین ایم اے جناح روڈ پر واقع امام بارگاہ علی رضا پر ادا کی گئی۔
روایتی راستوں پر بارش کے پانی کے باعث جلوس کو کچھ دیر امام بارگاہ پر روکا گیا، اس دوران حکومت سندھ کی جانب سے بجری ڈال کر پانی خشک کیا گیا، جس کے بعد جلوس روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے اپنی منزل کی جانب گامزن ہوا اور نماز مغربین کے وقت حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لئے سخت انتظامات کیے گئے تھے، گزرگاہ، اطراف کی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر لگا کرسیل کیا گیا۔
راستوں پر پولیس، رینجرز، اسکاؤٹ اور سندھ پولیس کے کمانڈوز بھی تعینات تھے جبکہ جلوس کی فضائی نگرانی کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں سے مکمل مانیٹرنگ بھی کی گئی۔