کراچی میں مرکزی مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ،جس کے ذریعے چہروں کی شناخت اور گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی مانیٹرنگ جدید کیمروں سے کی جارہی ہے۔
مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں خصوصی سافٹ ویئرز سے فوری طور پر کسی بھی مشکوک شخص یا گاڑی کی معلومات سیکیورٹی اہلکاروں کو فراہم کی جا سکیں گی، شب عاشور اور یوم عاشور پر سیکیورٹی انتہائی سخت رہے گی۔
کراچی میں شب عاشور اور یوم عاشور کی سیکیورٹی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے جاری نگرانی میں پہلی مرتبہ جدید ترین فیچرز استعمال کیے جا رہے ہیں، جدید کیمروں کی مدد سے اس دفعہ چہروں کی شناخت کے عمل کو ممکن بنایا گیا ہے۔
مجالس یا جلوس میں کسی بھی مشکوک شخص کی شناخت نادرا اور کرمنل ریکارڈ آفس کے ڈیٹابیس سے فوری طور پر کی جاسکے گی۔
گاڑیوں کی نمبر پلیٹس بھی جدید کیمروں سے پڑھی جا سکیں گی، نمبر پلیٹس پڑھنے کی خصوصیت والے کیمرے بھی پہلی مرتبہ استعمال کیے جارہے ہیں۔
فوری طور پر کسی بھی مشکوک گاڑی کی معلومات حاصل کر کے گراؤنڈ پر موجود فورسز کو دی جا سکیں گی۔
شب عاشور پر مجالس اور امام بارگاہوں کے لیے پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی بھاری نفری کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے مسلسل تلاشی لی جاتی رہے گی۔
یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے لیے مسلسل فضائی نگرانی کے ساتھ سادہ لباس اہلکاروں کی تعیناتی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔