• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور اور کوئٹہ میں نویں محرم کے جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر


پشاور اور کوئٹہ میں بھی نویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس اپنی مقررہ گزرگاہوں سے ہوتے ہوئے اختتام پزیر ہوگئے، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

پشاور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں صدر روڈ، فخر عالم روڈ، ٹیپو سلطان روڈ سے ہوتا ہوا چوک فوارہ پہنچا، جہاں عزاداروں نے نماز ظہرین ادا کی۔

جلوس واپس امام بارگاہ حسینہ ہال پہنچ کر اختتام پزیر ہوگیا، جلوس میں شریک عزاداروں نے زنجیر زنی اور سینہ کوبی کی۔

اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور جلوس کے داخلی راستوں پر اسکینرز لگائے گئے تھے جبکہ صدر بازار کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا تھا۔ جلوس کے دوران ٹیلی فون، موبائل سروس بند رہی۔

ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی شبیہہ علم و ذوالجناح کا جلوس نکالا گیا۔

میکانگی روڈ پر ناصر العزا امام بارگاہ سے نویں محرم الحرام کی مناسبت سے شبیہہ علم، تعزیوں اور ذوالجناح کا جلوس برآمد ہوا۔

عزاداروں کی بڑی تعداد نے جلوس میں سینہ کوبی اور نوحہ خوانی کی۔

جلوس مقررہ راستوں میکانگی روڈ، سفیر مسجد چوک، عثمان روڈ سے ہوتا ہوا دوبارہ امام بارگاہ ناصر العزا پہنچ کر ختم ہوگیا۔

اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، پولیس اور ایف سی کی تعیناتی کے علاوہ جلوس کے روٹ کی ہیلی کاپٹر سے نگرانی بھی کی گئی۔

تازہ ترین