• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر ، محرم کے جلوسوں پر بھارتی فوج کی فائرنگ، پلوامہ میں مزید 3 نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر ، محرم کے جلوسوں پر بھارتی فوج کی فائرنگ


 سرینگر(جنگ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے محرم کے جلوسوں پر شیلنگ اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، دوسری جانب پلوامہ ضلع میں بھارتی فوج نے ایک کارروائی کے دوران مزید 3کشمیریوں کو شہید کردیا، جس کے بعد دو روز کے دوران شہید ہونےوالے کشمیریوں کی تعداد 7 ہو گئی، آپریشن کی کارروائی زدورا نامی علاقے میں کی گئی،اس سے قبل اسی علاقے میں ایک بھارتی فوجی کو قتل کیا گیا تھا۔ایک روز قبل ضلع شوپیاں کے علاقے کیلورا میں 4 کشمیریوں کو شہید کیا گیا تھا۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے ترجمان نے ایک بیان میں شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ہر قیمت پر اپنا مشن پورا کریں گے،ترجمان نے محرم کے دوران ہونےوالی گرفتاریوں کی مذمت بھی کی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض فوج نے پلوامہ میں سرچ آپریشن کے دوران علاقے کو سیل کر کے 3 نوجوانوں کو شہید کیا۔سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی۔بھارتی حکومت نے وادی بھر میں محرم الحرام کے جلوسوں کو روکنے کے لئے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا، سرینگر کے لال چوک سے 50 سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا، کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔ حسن آباد، بڈگام اور بارہ مولہ میں بھی قابض افواج نے إھرم کے جلوسوں پر دھاوا بولا، عزاداروں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔گزشتہ روزجنوبی کشمیر میں ضلع شوپیان کے کلورہ پنجورہ گاؤں میں قابض بھارتی سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں البدر مجاہدین کے کمانڈر شکور احمد پرے سمیت4 کشمیری مجاہدین شہید ہوئے تھے ،قابض بھارتی سکیورٹی فورسز نے ایک کو زندہ گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس نے دعویٰ کیا کہ انہیں اطلاع ملی کہ کلورہ پنجورہ امام صاحب کے ایک میوہ باغ میں حریت پسندوں کا ایک گروپ موجود ہے جس کے بعد 44آر آر ، 178سی آر پی ایف اور ایس او جی شوپیاں نے کلورہ اور پڑگوژھو کے درمیان باغات کا محاصرہ کیا اور جونہی تلاشی آپریشن شرو ع کیا گیا تو نزدیک ہی ایک کھائی سے حریت پسندوں نے فرار ہونے کی کوشش کی جس کے دوران ابتدائی طور پر فائرنگ کے تبادلے میں 2 حریت پسند جاں بحق ہوئے۔

تازہ ترین