داروڑہ(نمائندہ جنگ) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے تبدیلی کے نام پر قوم کو دھوکہ دیا،حکومت ہر میدان میں ناکام ہوگئی ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کوئی اپوزیشن نہیں کر رہی ،کسی ایسی اپوزیشن کا حصہ نہیں بنیں گے جس کی سمت متعین نہ ہو۔ وہ گزشتہ روز جماعت اسلامی دیر بالا میں شوریٰ اجلا س کے بعد پریس کانفرنس کر رہے تھے۔سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اقتدار میں آنے کے لئے عوام کو سبز باغ دکھائے یہ دعوی کیا کہ ان کے پاس معاشی ،سیاسی ٹیم موجود ہے حکومت دو سال میں ڈیلیور کرنے میں مکمل ناکام رہی ہے اور مزید بہتری کی کوئی گنجائش نہیں، مسلم لیگ اور پیپلز پا رٹی کی تحریک چلانے کا واویلا محض ڈھونگ ہے۔