• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا اورسیلاب میں حکمرانوں کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی ،سراج الحق

لاہور (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کورونا اور سیلاب میں عوام کی پریشانیوں سے حکمرانوں کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی ہے۔سابق اور موجودہ حکمران ایک دوسرے پر تنقید کر کے عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگی وارننگ کے باوجود حکومت اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ایمرجنسی بنیادوں پر حالات سے نپٹنے کی صلاحیت میں بہتری نہیں آئی۔ مون سون بارشوں کی وجہ سے کراچی سمیت ملک بھر میں انفرااسٹرکچر کا پول کھل گیاہے۔ حالیہ بارشوں میں 163 لوگ موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔ بروقت انتظامات ہو جاتے تو ان لوگوں کو بچایا جاسکتاتھا۔ کراچی کی الارمنگ صورتحال کے باوجود حکمرانوں کو اب تک ہوش نہیں آیا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک کا معاشی حب کراچی کئی روز سے گندے پانی میں ڈوبا ہواہے۔ وفاقی صوبائی اور شہری حکومت شہر سے پانی نکالنے کی بجائے ایک دوسرے پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔ کراچی سے اکٹھا ہونے والا ایک ماہ کا ریونیو بھی کراچی پر خرچ کر دیا جاتا تو شہریوں کو اس مصیبت سے بچایا جاسکتا تھا۔

تازہ ترین