قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و ن لیگ کے صدر میاں شہباز شریف نے بلاول ہاؤس میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی ۔
شہباز شریف وفد کے ہمراہ بلاول ہائوس پہنچے جہاں انہوں نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی ، جبکہ بلاول بھٹو زرداری بھی ملاقات میں موجود تھے ۔
ن لیگ کےوفد میں احسن اقبال، مریم اورنگزیب، محمد زبیر اور دیگر رہنما بھی شامل ہیں ۔
پیپلزپارٹی کےوفد میں وزیراعلی سندھ، فرحت اللّٰہ بابر اور دیگر شامل تھے۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے ہیں، جہاں انہوں نے ڈالمیا میں دیوار گرنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کے گھر جاکر لواحقین سے تعزیت کی۔
اس موقع پر شہباز شریف نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو امداد کی یقین دہانی کرائی۔
یہ بھی پڑھیئے: شہباز شریف کراچی پہنچ گئے
کراچی میں شہباز شریف نے گلشن اقبال اور ملیر سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا، لوگوں کے مسائل سنے اور بارش کے باعث پیش آنے والے حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔
اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی میں بارش سے ہوئے نقصانات پر اپوزیشن لیڈر وزیرِ اعظم عمران خان پر برس پڑے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نیازی صاحب اس وقت سیاست نہ کریں خدارا کراچی آئیں، یہ وقت سیاست کا نہیں کام کرنے کا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاق نے وعدے کے مطابق فنڈز مہیا کیے ہوتے اور سیاست نہ کی ہوتی تو آج یہ دن نہیں دیکھنا پڑتا۔
صدر مسلم لیگ نون نے سندھ حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر مسائل حل کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا۔