مسلم لیگ نون کےصدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کراچی کو ابھی تک جتنا بنایا ہے نون لیگ نے بنایا ہے۔
شہباز شریف ایک روز کے دورے پر کراچی پہنچ گئے، ان کے ساتھ مریم اورنگزیب اور احسن اقبال بھی کراچی پہنچے ہیں۔
شہباز شریف نے کراچی ایئر پورٹ کے لاؤنج میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے حالات دیکھ کر یہاں آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں نے کراچی کو بہت متاثر کیا ہے، یہ میرا شہر ہے، نون لیگ کو کراچی سے پیار ہے، اس شہر کو تباہی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج میرا کراچی میں مصروف ترین دن ہے، مفتاح اسماعیل اور شاہ محمد شاہ کے گھر جاؤں گا، کراچی جب پانی میں ڈوبا ہوا ہے تو سیاست نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو سندھ حکومت کی مشاورت سے امدادی کارروائیاں شروع کرنی چاہئیں، حکومت کراچی میں بارش کے متاثرین کو معاوضہ دے۔
صدر مسلم لیگ نون کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے کہا تھا کہ کراچی کے لیے اربوں روپے کے فنڈز دیں گے، وفاقی حکومت کے کراچی کے لیے اعلان کردہ فنڈز کہاں ہیں؟
یہ بھی پڑھیئے: شہباز شریف کے دورۂ کراچی کی تفصیلات جاری
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم یاست نہ کریں اور سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں، عمران خان کراچی کے مسئلے پر سیاست نہ کریں، عوام کی مدد کریں۔
شہباز شریف کامزید کہنا ہے کہ کراچی پانی میں ڈوبا ہوا ہے، اس وقت سیاست نہیں کرنی ہے، یہ وقت مخالفت برائے مخالفت کا نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جن کے گھر، فصلیں اور مال مویشی تباہ و برباد ہوئے انہیں معاوضہ دیا جائے، امیر و غریب سب ہی سیلاب کی تباہ کاری سے پریشان ہیں۔