• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرقہ واریت پھیلانے والے نرمی کے مستحق نہیں، مفتی تقی، مفتی منیب

کراچی / ملتان / اسلام آباد ( پ ، ر / اسٹاف رپورٹر / نمائندگان جنگ) شیخ الاسلام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ عاشورہ پر فرقہ واریت پھیلانے والے کسی نرمی کے مستحق نہیں، حکومت ذمہ داروں کو سزا دے، آئمہ مساجد صحابہ کی شان اور مناقب بیان کریں۔ وہ ڈاکٹر محمد عادل خان کی سربراہی میں علماء کمیٹی کے وفد سےگفتگو کررہے تھے۔ وفد میں قاری محمد عثمان، مولانا اورنگزیب فاروقی،مولانا طلحہ رحمانی،مولانا نعمان نعیم، مولانا اعجاز مصطفی، مفتی خالد محمود، قاری محمد اقبال،مولانا تاج محمد حنفی،مولانا سیف اللہ ربانی اور دیگر علماء کرام شامل تھے۔ادھر سندھ کے وزیر تعلیم و محنت سعید غنی اور وزیر اعلیٰ معاون خصوصی راشد ربانی سے جماعت اہلسنت کے امیر علامہ شاہ عبدالحق قادری اور سابق وفاقی وزیر حاجی حنیف طیب کی قیادت میں 20سے زائد رکنی وفد نے ملاقات کی۔ سعید غنی نے کہا ہے کہ میں جماعت اہلسنت علماء کرام اور رفقاء کرام کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے حب الوطنی اور اتحاد بین المسلمین کے تحت مذہبی ہم آہنگی کو قائم رکھنے ، کسی قسم کی فرقہ واریت کو پھیلنے سے بچانے اور امن و امان کے قیام میں ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ۔صوبے میں مذہبی رواداری کو پروان چڑھانا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے ، جلوس کے موقع پر پیش واقعہ کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے ۔ جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے امیر مولانا شاہ عبدالحق قادری اور حاجی حنیف طیب نے کہا ہے کہ ہم نہیں چاہتے کہ ملک پاکستان اور بالخصوص شہر کراچی میں مذہبی فسادات کو جنم دیا جائے۔اس موقع پر تحریری یادداشت بھی پیش کی گئی ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ساؤتھ ارشادسوڈر، جبکہ وفد میں مولانا ابرار احمد رحمانی، ڈاکٹر فرید الدین قادری، ڈاکٹر سید محمد وہاب، مولانا نسیم احمد صدیقی، محمد عاطف حاجی حنیف بلو، سید رفیق شاہ، مولانا محمد راشد رضوی، محمد عمیر ترابی، محمد الطاف قادری اور دیگر علماء کرام شریک تھے۔ ادھر ملتان سے نمائند ہ جنگ کے مطابق جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی نائب امیر صاحبزادہ سید طاہر سعید کاظمی، صوبائی ناظم اعلیٰ پنجاب علامہ محمد فاروق خان سعیدی،ڈویژنل آرگنائزر ملتان سید محمد رمضان شاہ فیضی،ناظم اعلیٰ ملتان ڈویژن قاری فیض بخش رضوی،ضلعی امیر قاری خادم حسین سعیدی،ضلعی ناظم قاری مطیع الرسول سعیدی، ضلعی امیر وہاڑی مولانا محمد یعقوب فریدی نے ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ دنوں میں فرقہ وارانہ فسادات کو بھڑکانے اور ملکی امن وامان کو خراب کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ عاشورہ کے واقعے پر اظہار مذمت بھی کیا گیا۔ اسلام آباد راولپنڈی بھر کے دینی مدارس سنی تنظیمات اور سیاسی مذہبی جماعتوں کامشترکہ اجلاس جامعہ قاسمیہ اسلام آباد میں منعقدہوا جس میں تمام مذہبی جماعتوں کے اکابرین، روحانی مراکز، خانقاہوں کے منتظمین اور اربابِ مدارس نے شرکت کی اور صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کی مذمت کی گئی۔

تازہ ترین