چین اور شمالی کوریا کے درمیان 6 سال کے بعد مسافر ٹرین سروس دوبارہ بحال ہو گئی۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بیجنگ سے پیانگ یانگ جانے کے لیے پہلی ٹرین جمعرات کو روانہ ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سفر کے لیے ٹکٹ زیادہ تر کاروباری ویزا رکھنے والے مسافروں نے خریدے جن میں کاروباری افراد، سرکاری حکام اور صحافی شامل ہیں۔
چینی ریلوے کے مطابق اب 18 مارچ کو چلنے والی اگلی ٹرین کے لیے بھی ٹکٹ دستیاب ہیں۔
چینی ریلوے کا کہنا ہے کہ ڈانڈونگ اور پیانگ یانگ کے درمیان ٹرین روزانہ کی بنیاد پر چلے گی جبکہ بیجنگ اور پیانگ یانگ کے درمیان ٹرینیں ہفتے میں 4 دن یعنی پیر، بدھ، جمعرات اور ہفتے کو چلیں گی۔
چینی ریلوے کا مزید کہنا ہے کہ مسافروں کی دستاویزات کی چیکنگ چین میں ڈانڈونگ بارڈر کراسنگ اور شمالی کوریا کے شہر سینوئجو میں مکمل کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مسافر ٹرین سروس 2020ء میں کورونا کی وباء کے دوران معطل کی گئی تھی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ ریلوے لائن شمالی کوریا اور اس کے اہم اتحادی چین کے درمیان سفر اور تجارت کے لیے ایک اہم ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔