بولٹن(ابرار حسین)پاکستان نژاد برطانوی باکسر سحر اقبال نے ویکفیلڈ میں ہونے والا باکسنگ کا مقابلہ انتہائی سنسنی خیز انداز میں جیت لیا سحر اقبال کی یہ جونیئر ورلڈ چیپمئن باکسر کی حیثیت سے آٹھویں فائٹ تھی 24سالہ سحر اقبال کا مقابلہ ویلز کے 24سالہ مارڈڈ تھامس سے تھا سحر اقبال مدمقابل کے بعد رنگ میں اترے تو شائقین نے پرجوش انداز میں تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا ۔ریفری کی سٹی بجتےہی انتہائی پھرتی کے ساتھ وہ اپنے حریف کے سامنے آئے سحراقبال فائٹ کے پہلے رائونڈ ہی میں اپنے حریف پر مکوں کی بارش کردی جس سے ان کے مدمقابل پہلے رائونڈ میں ہی لڑکھڑاتے ہوئے نظر آئے جب مقابلہ دوسرے رائونڈ سے تیسرے میں پہنچا تو ان کے مدمقابل سحر اقبال کے تابڑ توڑ مکوں سے گھبرائے ہوئے تھے اور باربار رنگ کا سہارا لے رہے تھے ایسا لگ رہا تھا مقابلہ انتہائی سخت ہوگا جب یہ مقابلہ پانچویں سے چھٹے رائونڈ میں داخل ہوا تو وہ اپنے حریف پر چھائے ہوئے تھے جس سے وہ اپنے حواس قائم نہ رکھ سکا اور اس کی آنکھوں میں اندھیرا چھا گیا۔ ریفری نے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ججوں کے فیصلہ کے مطابق آٹھویں رائونڈ میں سحر اقبال کو فاتح قرار دے دیا۔ سحر اقبال نے اپنی کامیابی کے بعد جنگوو جیو سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اللہ کے فضل اور والدین کی دعائوں کا نتیجہ ہے تاہم شائقین کی امیدوں پورا اترنے کے باعث دلی خوشی ہوئی ہے اور آئندہ بھی کامیابیاں حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ باکسنگ کے میدان میں ورلڈ ٹائٹل حاصل کرنا میری خواہش ہے اور اللہ کے فضل سے یہ کامیابی بھی جلد حاصل کروں گا اس موقع پر سحر اقبال کے والد محمد اقبال نے کہا کہ سحر اقبال اپنی ٹریننگ کے اعتبارسے مکمل فٹ ہیں اور اپنے پروفیشنل کیریئر میں آٹھویں کامیابی حاصل کرنے سے ہمارے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ سحر اقبال آئندہ مقابلے کیلئے بھرپور تیاری کریں گے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ مقابلہ بولٹن میں ہوگا۔