کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں مون سون بارشوں کے بعد منقطع ہونے والی بجلی اب تک بحال نہیں ہوسکی ہے جبکہ بارش کا پانی بھی تاحال گلیوں میں موجود ہے، گزشتہ روز ڈی ایچ اے میں جاری احتجاج میں اداکارہ ثروت گیلانی بھی موجود تھیں۔
شہر قائد میں ہونے والی مون سون بارششوں کے باعث ڈیفنس کی حالت اب تک انتہائی خراب ہے، جس پر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد احتجاج کررہی ہے، ان میں شوبز سے وابستہ بڑی شخصیات بھی شامل ہیں۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ ثروت گیلانی نے کچھ تصویر شیئر کی ہیں جن میں وہ دیگر افراد کے ہمراہ ہاتھوں میں پلے کارڈز لیے کھڑی ہیں، اداکارہ کی ان تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ بھی ڈیفنس میں جاری احتجاج میں شامل تھیں۔
ثروت گیلانی اور دیگر کے ہاتھ میں موجود پلے کارڈز پر کچھ ایسے جملے تحریر ہیں کہ :
بکنگ جاری ہے، دریائے شہباز، دریائے بخاری، دریائے محافظ
ایک اور پلے کارڈ پر تحریر ہے کہ:
ڈی ایچ اےکا مطلب ہے ڈوبی ہوئی آبادی
اداکارہ ثروت گیلانی کی جانب سے جو تصاویر شیئر کی گئی ہیں اُن میں سے ایک فوٹو میں سماجی کارکن جبران ناصر بھی موجود ہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کردہ اپنی پوسٹ کے کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ ’ہم سب کی آواز ہے، آؤ اُسے استعمال کریں ‘ اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’ہم یہاں اُن تمام لوگوں کے لیے موجود ہیں جو اب تک اپنے لاکھوں روپے برباد کرچکے ہیں اور اب بھی تکلیف برداشت کررہے ہیں!‘
اداکارہ نے 20 گھنٹے قبل اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ پوسٹ شیئر کی تھی جسے اب تک ہزاروں مداح لائیک کرچکے ہیں جبکہ اس پر تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ایک صارف نے اداکارہ کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’زندگی میں پہلی بار ڈی ایچ اے (پوش علاقے) میں پانی بھر گیا تو امیر آبادی باہر آگئی ہے، آج انہیں بھی احساس ہوا کہ ان کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، اور جو صدیوں سے کچی آبادیوں والے ڈوب رہے تھےاُن کا احساس تو کبھی نہیں آیا۔ ‘
صارف نے مزید لکھا کہ ’دیر آئے درست آئے، آنکھیں کھل ہی گئیں اُونچے لوگوں کی بھی۔ ‘
ثروت گیلانی نے صارف کے کمنٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ بھی آئیں۔‘