پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی غریبوں کی پارٹی ہے سندھ حکومت آپ کے ساتھ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے ملیر میں سموں گوٹھ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، صوبائی وزراء اور ملیر سے منتخب ارکان اسمبلی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
لوگوں کی بڑی تعداد انہیں دیکھ کر جمع ہوگئی اور ان کے حق مین نعرے بازی کی۔
عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ آپ کے لئے جدوجہد کی ہے، آج کٹھ پتلیوں کی حکومت ہے مجھے افسوس ہوتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت آپ کی مدد کو نہیں پہنچی۔ کم وسائل کے باوجود وزیراعلیٰ سندھ اور اُن کی ٹیم اپنے سب وسائل آپ کے لیے استعمال کرے گی۔
اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام وزیراعظم عمران خان کے انتظار میں ہیں، 2 سال بعد نظر آرہا ہے کہ وفاقی حکومت سنجیدگی سے کراچی پر کام کرنا چاہتی ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گی، صرف کراچی کے 3 نالوں کی صفائی سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔