اسلام آباد (نمائندہ جنگ )پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو انتباہ کرتا ہوں کہ اگر دانشوروں کو بڑھنے نہیں دیا گیا، وفاقیت سے انکار کیا ، پارلیمانی نظام کے بجائے مرکزیت کی حمایت کی تو اپ وفاق کو تباہی کے دہانے پر لے جائیں گے ،ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل تشویش ہے کہ دانشور سول ایوارڈ وصول کرنے سے معذرت کر رہے ہیں ، سندھی مصنف تاج جو یو نے اپنے بیٹے کے لاپتہ ہونے پر حسن کاکردگی کا ایوارڈ وصول کرنے سے انکار کیا تھا ۔ اب شاعرہ فہمیدہ ریاض کی بیٹی نے صحافیوں کے اغوا، اور تشدد پر احتجاجاً اپنی مرحوم والدہ کیلئے ایوارڈ وصول کرنے سے انکار کیا ۔ یہ دونوں کیسز فاشسٹ پالیسی کے خلاف پیدا ہونے والی مایوسی کی عکاس ہیں ۔ معاشرہ جہاں دانشور سوچ کو ریاستی پالیسی کے تحت دبایا جا رہا ہو، وہ معاشرہ مردہ ہو جاتے ہیں ۔ تاریخ گواہ ہے کہ جہاں حکمران اشرافیہ نے دانشوروں کا گلا گھونٹا وہ معاشرے تاریخ کے کوڑے دان میں گئے۔