کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلگت بلتستان میں کارپوریٹ سیکٹر کے فروغ اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان کمپنی رجسٹر یشن آفس قائم کرے گاجس کے قیام سے شمالی علاقہ جات میں کاروباری رجحان میں اضافہ ہوگااور ملکی معیشت کو دستاویزات کی شکل ملے گی۔ایس ای سی پی نے کمپنی رجسٹریشن آفس کے قیام کے لئے گلگت بلتستان کی حکومت سے اجازت نامہ حاصل کر لیا ہے۔ کمپنی رجسٹریشن آفس کے قیام سے نہ صرف مقامی کاروباری معاملات میںبہتری پیدا ہوگی بلکہ ساتھ ہی نئی کاروباری کمپنیوں کی تشکیل میں بھی مفید ہوگا۔ ایس ای سی پی کی جانب سے شروع کی گئی ای سروسز کی سہولت بھی سی آر او گلگت میں میسر ہو گی جو کہ گلگت کے مقامی کاروبارکو جدید اصولوں اور ٹیکنا لوجی کے مطابق استوار کرنے میںکارگر ثابت ہوگی۔