وزیراعظم عمران خان نے کراچی کی صورتحال پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل کا حل باہمی اشتراک سے ہی ممکن ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء سینیٹر شبلی فراز، اسد عمر، علی زیدی، امین الحق، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز بھی شریک ہوئے۔
اعلامیے کے مطابق اس موقع پر اجلاس کے شرکاء کو کراچی سے متعلق پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی ملک کا اہم ترین شہر اور معاشی حب ہے، جس کے مسائل کا حل باہمی اشتراک سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوشی ہے وفاقی و صوبائی حکومت، پاک فوج کراچی کے مسائل کےحل کے لیے موجود ہیں۔
عمران خان نے دوران اجلاس کراچی میں حالیہ نقصانات کے ازالے کے لیے وفاق کی مدد کی یقین دہانی کرائی۔