لاہور ( نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے چیئرمین علماء کونسل و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے صدر حافظ طاہر اشرفی نے اپنے صاحبزادوں کے ہمراہ یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی،اس موقع پر چودھری شافع حسین اور چودھری سالک حسین بھی موجودتھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ محرم الحرام پاکستان میں امن و امان سے گزر گیا اس سلسلے میں بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی نے اہم کردار ادا کیا ہے، تمام مسالک کے علماء کرام محبت و بھائی چارہ کا درس دیتے رہیں تو شرپسند عناصر کو مذہبی منافرت پھیلانے کا موقع نہیں ملے گا۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ اس وقت تمام علماء کرام امن و امان کے حوالے سے ایک پلیٹ فارم پر متفق ہیں۔