وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ اسکول کھلنے کے بعد کلاس روم میں طلباء کی تعداد کم کرنا ہو گی۔
وزرائے تعلیم کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ آدھے بچوں کو ایک دن بلایا جائے اور آدھے بچوں کو دوسرے دن بلایا جائے۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ طلباء کو ماسک پہننا لازمی ہو گا، کسی بیماری کے شکار طالب علم تعلیمی اداروں میں نہ آئیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے میں داخل ہوتے وقت طلباء کی اسکریننگ کی جائے۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ مختلف تعلیمی اداروں میں ہر دو ہفتے بعد ٹیسٹنگ اور اسکریننگ ہوگی۔
اس موقع پر وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ اگر کسی تعلیمی ادارے نے ایس او پیز پر عمل نہیں کیا تو اس ادارے کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔
شفقت محمود نے کہا کہ بچوں کا جو تعلیمی نقصان ہوا ہے کوشش ہے کہ اس نقصان کو جلد از جلد پورا کیا جائے۔