ٹی وی اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ سونیا حسین ساتھی اداکار یاسر حسین اور انوشے اشرف کی ٹُرک ڈرامہ ارطغرل پر ہونے والی بحث سے تنگ آگئیں۔
انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے لکھا کہ ’مہربانی کر کے جان بخش دیجیئے، ترک اداکاروں کی اور اپنے اداکاروں کی بھی۔‘
اداکارہ نے یہ بھی لکھا کہ ’وہ اس لاحاصل بحث سے تنگ آچکی ہیں۔‘
انہوں نے لکھا کہ دوسروں کی قدر کرنا سیکھیں، کسی دوسرے اداکار کو نیچا دکھانے درست نہیں۔
ساتھ ہی اداکارہ نے مہربان رہنے اور محبت پھیلانے کا بھی پیغام دیا۔
واضح رہے کہ اداکارہ کا اشارہ سوشل میڈیا پر اس وقت جاری کامیڈین اداکار یاسر حسین اور وی جے انوشے اشرف کے درمیان ترک اداکاروں کو لے کر لفظی جنگ کی جانب تھا۔
خیال رہے کہ یاسر حسین نے انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے کرداروں سے مماثل نوجوانوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کو کوئی نہیں پوچھے گا کیونکہ گھر کی مرغی دال برابر اور باہر کا کچرا بھی مال برابر۔‘
یاسر کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر تنازع کی صورت اختیار کرلی ہے اور مختلف سوشل میڈیا سائٹس پر ٹاپ ٹرینڈ میں یاسر حسین کا نام اسی بیان کی وجہ سے سرفہرست ہے۔
اداکار نے انوشے اشرف کے بےجا تنقید اور تند و تیز ردعمل پر یاسر نے انوشے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’شہرت کے لیے لوگ کیا کیا کچھ کر لیتے ہیں، انوشے اگر آپ کو میری پوسٹ سے اتنا مسئلہ تھا تو آپ مجھے واٹس ایپ کردیتی، بلاوجہ بات کا بتنگڑ بنادیا۔‘
اپنی دیگر انسٹا اسٹوری میں بھی ساتھی اداکاروں اور سستی شہرت کے خواہاں لوگوں کیلئے مختلف دعائیں بھی شیئر کیں۔