• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوبز انڈسٹری کے کامیڈین اداکار یاسر حسین نے غیر ملکی اداکاروں کو ’عالمی کچرا‘ کہنے کے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ لوگ ان کی جاری کردہ پوسٹ کو غلط رنگ دیتے ہیں۔

اداکار یاسر حسین نے کہا کہ وہ تمام اداکاروں کی عزت کرتے ہیں چاہے وہ ملکی ہوں یا غیر ملکی، میری ہر بات کو ترکش ڈراموں کی کاسٹ سے مت جوڑیں۔

یاسر حسین نے کہا کہ  ’میں نے کبھی بھی کسی کی تذلیل کرنے کی کوشش نہیں کی ہے اور اگر کوئی فرد ان کی باتوں کو غلط رنگ دیتا ہے تو وہ اس کی اپنی سوچ ہو سکتی ہے جس کے لیے وہ سوائے دعا کے کچھ نہیں کرسکتے۔‘

اداکارہ انوشے اشرف کے بےجا تنقید اور تند و تیز ردعمل پر یاسر نے انوشے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’شہرت کے لیے لوگ کیا کیا کچھ کر لیتے ہیں، انوشے اگر آپ کو میری پوسٹ سے اتنا مسئلہ تھا تو آپ مجھے واٹس ایپ کردیتیں، بلاوجہ بات کا بتنگڑ بنادیا۔‘

اپنی دیگر انسٹا اسٹوری میں بھی ساتھی اداکاروں اور سستی شہرت کے خواہاں لوگوں کیلئے مختلف دعائیں بھی شیئر کیں۔

خیال رہے کہ یاسر حسین نے انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے کرداروں سے مماثل نوجوانوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کو کوئی نہیں پوچھے گا کیونکہ گھر کی مرغی دال برابر اور باہر کا کچرا بھی مال برابر۔‘

یاسر کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر تنازع کی صورت اختیار کرلی ہے اور مختلف سوشل میڈیا سائٹس پر ٹاپ ٹرینڈ میں یاسر حسین کا نام اسی بیان کی وجہ سے سرفہرست ہے۔

تازہ ترین