مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تعلیم کا قومی ترجیحات میں اول نمبر ہونا چاہیے۔
شہباز شریف نے عالمی یوم خواندگی پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ تعلیم کو قومی سلامتی اور ترقی کاحصہ بنانا ہوگا، تعلیم کاقومی ترجیحات میں اول نمبر ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دنیاعلم و آگہی سے نئی رفعتوں سے ہمکنار ہو رہی ہے، ہمیں بھی اپنا مقام حاصل کرنا ہوگا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ نون لیگ نے اپنے دور میں تعلیم کے فروغ کیلئے تاریخی اقدامات کیے، پنجاب ایجوکیشن فنڈ کے ذریعے 22 لاکھ بچوں کو معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کی گئی، پنجاب حکومت نے 4500 اسکولوں میں طالب علموں کی تعداد کو دُگنا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 80 ہزار نئے اساتذہ کو بھرتی کیا جن میں پچاس فیصد خواتین اساتذہ تھیں، پہلی بار پنجاب میں تعلیم کو الیکڑانک اور آئی ٹی بیس بنایا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پہلی بار اساتذہ کیلئےمیرٹ کی پالیسی اختیار کی، تربیت کا پروگرام وضع کیا، پہلی بار طالب علموں کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم شروع کی گئی۔
صدر مسلم لیگ نون نے کہا کہ ذہین، محنتی اور غریب طلبا کیلئے وظائف، بیرون ملک تعلیم کے پروگرام شروع کیے، مسلم لیگ نون حکومت نے تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوارکیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نصاب کو ڈیجیٹل کیا، پورے پنجاب میں نئے اسکول اور تعلیمی درسگاہوں کا جال بچھایا گیا، پسماندہ علاقوں میں تعلیم کےفروغ کیلئے دانش اسکول جیسے منصوبے شروع کیےگئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ترقی اور تعلیم کے حصول کی واحد راہ قوم کو تعلیم یافتہ بنانا ہے۔