وفاقی حکومت کراچی میں پانی کی فراہمی کے منصوبے پر فوری کام کرنا چاہتی ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھ دیا۔
خط میں وزیر اعلیٰ سندھ سے درخواست کی گئی ہے کہ متعلقہ صوبائی اداروں کو ہدایت کریں کہ گریٹر کراچی واٹر سپلائی اسکیم کے پی سی ون پر نظرثانی اور تبدیلی کا عمل جلد مکمل کریں، تاکہ منظوری کیلئے منصوبہ بندی کمیشن کو پیش کیا جاسکے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی طرف سے وزیر اعلیٰ سندھ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ہماری حالیہ ملاقاتوں میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ وفاقی حکومت کراچی میں پانی فراہمی کے منصوبے پر عملدرآمد کی ذمہ داری لے گی۔
خط میں وزیر اعلیٰ سندھ سے کہا گیا ہے کہ متعلقہ صوبائی اداروں کو ہدایت کریں کہ منصوبے پر لاگت کے تخمینے سے متعلق نظرثانی یا تبدیلی سے متعلق امور کو تیز تر بنیادوں پر مکمل کر کے حتمی منظوری کیلئے منصوبہ بندی کمیشن کو بجھوائیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی میں کے۔فور سمیت دوسرے منصوبوں پر عملدرآمد کی خواہاں ہے۔ منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کے لیے صوبائی حکام کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ کراچی کو جدید بنانا ہمارا مشترکہ مقصد ہے، اور اس مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کا متمنی ہوں۔