پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ عائشہ عُمر کا کہنا ہے کہ لاہور موٹروے واقعے کے بعد وہ خود کو پاکستان میں غیر محفوظ محسوس کر رہی ہیں۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر عائشہ عُمر نے لاہور موٹروے پر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سوالیہ انداز میں لکھا کہ ’اُس وقت کیا ہوگا کہ جب ایک خاتون کو کسی مجبوری کے تحت رات کے وقت گھر سے اکیلے باہر نکلنا ہوگا اور اُس وقت کیا ہوگا کہ جب کسی خاتون کو یا اُس کے خاندان کے کسی فرد کو فوری طور پر طبی امداد کی ضرورت ہوگی؟‘
عائشہ عُمر نے بین الاقوامی ممالک کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’وہ جب کسی غیر ملک میں ہوتی ہیں تو رات کے ایک بجے بھی سڑکوں پر اکیلے پیدل گھوم رہی ہوتی ہیں اور وہ خود کو محفوظ محسوس کرتی ہیں لیکن اپنے ہی ملک میں وہ خود کو غیر محفوظ کر رہی ہیں۔‘
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’اگر وہ پاکستان میں اپنی ہی کار میں موجود ہوں گی تو پھر بھی خود کو غیر محفوظ ہی سمجھیں گی۔‘
یہ بھی پڑھیے: لاہور، موٹروے پر خاتون سے بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں موٹروے واقعے کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے گجرپورہ میں سیالکوٹ موٹروے پر گوجرانوالہ واپس جانیوالی کار سوارثناء نامی خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
ثناء کا لاہور موٹر وے پر گاڑی کا پیٹرول ختم ہو گیا اور اسی دوران ملزمان نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خاتون کو زدوکوب کیا اور گاڑی کے شیشے توڑ کر انہیں گن پوائنٹ پر کھیتوں میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔