• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ بورڈ کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے باب وولمر کو رول ماڈل قرار دیتے ہوئے ان کی طرز پر کام کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ باب وولمر نے پاکستانی بیٹنگ کو درست کرنے کے لیے بڑی محنت کی اور اس کے مثبت اثرات بھی مرتب ہوئے.

محمد یوسف نے کہا کہ میری بھی کوشش ہوگی کہ میں بھی باب وولمر کے طریقوں کو اپنا کر بیٹسمینوں کی خامیاں دور کروں اور ان کی بیٹنگ میں نکھار لاؤں۔

یہ بھی پڑھیے: PCB مثبت کام کرنا چاہتاہے، اس لیے زمہ داری سنبھالی، محمد یوسف

محمد یوسف نے کہا کہ سیکھنے کا عمل ساری عمر جاری رہتا ہے جو سیکھنا چھوڑ دیتا ہے وہ پیچھے رہ جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا محنت پر یقین ہے اور جو محنت جاری رکھتا ہے خدا کی ذات اس کو کامیابی اور عزت سے نوازتی ہے ۔

سابق کپتان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میری بھرپورکوشش ہو گی کہ نوجوان بیٹسمین میرے تجربے سے استفادہ حاصل کریں اور میں بھی اس میں اپنی پوری کوشش کروں گا، کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔

اس سے قبل اپنے ایک بیان میں محمد یوسف نے بتایا تھا کہ پہلے ان کا فٹ ورک درست نہیں تھا جسے آنجہانی کوچ باب وولمر نے ٹھیک کروایا اور فٹ ورک میں تبدیلی کے بعد ان کا شمار دنیا کے نامور بلے بازوں میں ہونے لگا۔

خیال رہے کہ محمد یوسف نے 90 ٹیسٹ اور 288 ایک روزہ میچوں میں بالترتیب 7530 اور 9720 رنز بنائے ہیں، انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران 24 ٹیسٹ اور 15 ایک روزہ سنچریاں بھی بنائی ہیں۔

تازہ ترین