آپ آف لائن ہیں
ہفتہ6؍ربیع الاوّل 1442ھ 24؍اکتوبر 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

قلعہ بند شہر عظمتِ رفتہ کی بہترین علامت

گزشتہ کئی صدیوں تک تخت و تاج اور اپنی سلطنت کی حفاظت کے لیے قلعہ تعمیر کیے جاتے تھے تاکہ دشمن کے حملے کی صورت میں قلعہ بند دفاعی دیواریں حفاظت کا کام دیں۔ دنیا کا شاید ہی کوئی ایسا ملک ہو جس نے بیرونی حملہ آوروں سے حفاظت کےلیے دفاعی اقدامات نہ کیے ہوں۔ کولمبیا سے چین اور فرانس تک اب بھی ایسے شاندار قلعہ بند شہر موجود ہیں، جو ماضی کی عظمت کو حال کے ساتھ اس طرح دیدہ زیب بناتے ہیں کہ آپ دیکھ کر حیران ہوجائیں گے۔ یہ قابلِ اعتماد قلعہ بند شہر عظمتِ رفتہ کی بہترین علامت ہیں، جن کا احوال ذیل میں دیا جارہا ہے۔

ژیان، چین

ژیان، چین کےعظیم قدیم شہروں میں سے ایک ہے،جو ملک پر حکومت کرنے والی کئی سلطنتوں کے ٹیرا کوٹا جنگجوؤں کا گھر ہے اور شاہراہِ ریشم کا انتہائی مشرقی نقطہ ہے۔ ژیان کی حفاظتی دیواریں دروازوں اور میناروںکی قطار بناتی ہوئی پرانے شہر کے ارد گرد 12 میٹر اونچائی، 15 میٹر چوڑائی اور 14 کلومیٹر لمبائی میں چلی جاتی ہیں۔ یہ منفرد اور متاثر کن دیواریں دنیا بھر کےلوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔ سیاحوں کے لیے اس شہر میں سیر و تفریح کے کئی سامان ہیں۔ بہت سے لوگ ان دیواروںپر سائیکل چلاتے ہوئے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔

کارکوسن، فرانس

1997ء میں یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل کیے جانے والے کارکوسن کا شمار یورپ کے عظیم قلعہ بند شہروں میں ہوتا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہاں قلعہ بند آبادی رومیوں کی آمدسے پہلے سےموجود ہے لیکن آج ہم بڑے دفاعی مورچے پر مبنی قرون وسطیٰ کے دور کا قلعہ ملاحظہ کرتےہیں۔ حفاظتی دیوار پرانے شہر کے ارد گرد 2 میل تک چلی جاتی ہے، اس کے ساتھ 50سے زائد نگرانی کرنے والے مینار ایستادہ ہیں۔ ان تاریخی دیواروں کو محفوظ کرنے کےلیے جامع تحفظ کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔

یارک، برطانیہ

شہرِخواب یارک کا دعویٰ ہے کہ یہ برطانیہ میں قدیم ترین اور سب سے طویل قلعہ بندشہری نظاموں میں سے ایک ہے۔ رومیوں نے یہاں پہلی صدی میں حفاظتی دیواروں کی تعمیر کی، جس کے آثار اب بھی باقی ہیں۔ 13ویں صدی کی تعمیرات اب بھی آپ کو یہاں ملیں گی۔ یارک کی شہری دیواریں 3.4کلو میٹر پر محیط ہیں، جو شاندارطرزِتعمیر کی عکاس ہیں اور راستے میں قائم 45 مینار اس کی خوبصورتی کو بڑھاوا دیتے ہیں۔ اس کے کئی داخلی دروازے بھی ہیں۔ مخصوص دنوں میں کئی ٹاورز عوام کے لئےکھولے جاتے ہیں۔

کارٹجینا، کولمبیا

یہ شہر 'لاس مرال کے نام سے جانا جاتا ہے۔ کارٹجینا شہر کی دیواریں جنگوں کے دوران صدیوں سے اہم دفاعی مورچہ رہی ہیں۔ شہر کی حفاظت کے لئے دیواروں کی تعمیر16ویں صدی میں شروع ہوئی اور ان کو مکمل کرنے کے لئے تقریباً200سال لگ گئے۔ 

یہ دیواریں اب بھی کارٹجینا کے پرانے ضلع کوجدا کرتی ہیں۔ سات میل طویل ان دیواروں نے قزاقوں، دشمنوں کے حملوں اورقدرتی طوفانوں کے خلاف مضبوط مورچے کا کام کیاہے۔ کارٹجیناکی ان دیواروں اور قلعہ کا شمار جنوبی امریکا کے سب سے زیادہ جامع قلعوں میں ہوتا ہے۔

تعمیرات سے مزید