آپ آف لائن ہیں
ہفتہ6؍ربیع الاوّل 1442ھ 24؍اکتوبر 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

گھر کی دیواروں میں اسٹوریج کا انتظام

اگر آپ کچھ تخلیقی صلاحیتیں رکھتے ہیں تو اسٹوریج کے لیے اپنے گھر کی دیواروں کو بہترین استعمال میں لاسکتے ہیں۔تاہم گھر کی دیواروں کو اس مقصد کے لیے استعمال کرنا بھی ایک ہنر ہے، جو ہر کسی کو نہیں آتا۔ لیکن پریشانی کی کوئی بات نہیں، آج ہم آپ کی مدد کے لیے حاضر ہیں تاکہ آپ صحیح معنوں میں اپنے گھر کی دیواروں سے فائدہ اُٹھا سکیں۔

بنی بنائی شیلف

اگر آپ دیوار کے لیے صحیح شیلف کا انتخاب کرتے ہیں تو آپ بہت سی چھوٹی چھوٹی چیزوں کو نہ صرف ضائع ہونے سے بچاسکتے ہیں بلکہ انھیں گھر کی خوبصورتی کے لیے بھی استعمال میں لاسکتے ہیں۔ اس کے لئے صنعتی ڈیزائن ایک اچھا انتخاب ہوسکتا ہے، جو بغیر کسی سپورٹ کے عقب سے دیوار کے ساتھ چپکا ہوا ہو۔ اس طرح آپ بڑی جگہ گھیرے بغیر بہت سادہ اور دلکش انداز میں نمائش کے لئے واضح جگہ بنا سکتے ہیں۔

دلکش ڈبے

دیواری ڈبے کئی لوگوں کو بہت پسند ہوتے ہیںکیوں کہ یہ بے پناہ خوبصورتی اور دلکشی کے ساتھ اسٹوریج کے لئے بہت سی جگہ بھی فراہم کرتے ہیں۔ ان میں بہت سی چھوٹی چھوٹی چیزوں کو بآسانی رکھا جا سکتا ہے جبکہ اختیاری دروازوں کا آپشن بھی دستیاب ہوتا ہے۔ مربع شکل ہونے کی وجہ سے آپ ان ڈبوں کو ماڈیولر نظام کے تحت مختلف شکلوں ،اسٹائلز اور ڈیزائنوں میں ترتیب دے سکتے ہیں۔

کافی ٹیبل کا متبادل

کیا یہ خیال شاندار نہیں ہے؟ بجائے یہ کہ آپ اپنے چھوٹے کمرے میں کافی ٹیبل کے لیے خصوصی جگہ بنائیں، ایک دیوار کے ساتھ مزین کافی کی میز میں کئی چھوٹی چیزوں کو دلچسپ انداز میں اسٹور کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ایسی میز کو خوابگاہ میں بیڈ کے اطراف کی میز کے طور پر بھی استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔

برتنوں کا ریک

اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کا باورچی خانہ کتنا جدید اور فعال ہے۔ فرق اس بات سے پڑتا ہے کہ اس میں اسٹوریج کی کتنی گنجائش ہے۔ ہمارے پاس ایک بہترین تجویز یہ ہے کہ آپ باورچی خانے کے برتنوں کے لئے دیوار میں اسٹوریج کا انتظام کریں۔اس طرح کرنے سے نہ صرف ضرورت کے برتن آپ کی دسترس میں رہیں گے بلکہ دیوار میں خوبصورت انداز میں محفوط بھی رہیں گے۔ بھلا کون اس طرح کا پُرکشش باورچی خانہ نہیں چاہے گا۔

جدید مشروب ریک

اگر آپ مشروبات پینے کے دلدادہ ہیں اور مختلف مشروبات شوق سے پیتے ہیں تو آپ کو باورچی خانہ میں ایک ایسا ریک بنانا چاہئے، جس میں ان مشروبات کو خوبصورت انداز میں محفوظ کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں دیوار پر مشروبات کے لیے بنا ریک اچھا تاثر دے گا۔

مقناطیسی بورڈ

مقناطیسی بورڈکا استعمال ایک شاندار تجویز ہے، جسے ضرور آپ کے کمرے میں نصب ہونا چاہیے۔ اگر آپ کمرے میں چیزوں کی بے ترتیبی سے فکر مند ہیں تو اس مقناطیسی بورڈ کی مدد سے لوہے اور میٹل کی اشیا کو دلچسپ اندازمیں چسپاں کر دیں۔ یہ ڈیزائن باورچی خانے کے لیے بہت مقبول ہے۔

سائیکل کی پارکنگ

کیا آپ سائیکل چلانا پسند کرتے ہیں ؟اگر ہاں تو پھر اپنی سائیکل کو دیوار کے ساتھ لگائیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ جگہ ایک آرائشی ٹکڑے کی حیثیت اختیار کر جائے گی اور جب آپ سائیکل چلانا چاہیں تو ہیلمٹ اُٹھائیں اور اس پر سوارہو جائیں۔ آپ ایک ریک کا انتخاب کریں اور اسے سائیکل کے لئے مختص کر دیں۔

پرندوں کا پنجرہ

پرندوں کا پنجرہ لٹکانا کتنا شاندار آئیڈیا ہے۔ بجائے اس کے کہ آپ پرندوں کے پنجرے کے لئے زیادہ جگہ کو استعمال میں لائیں، اس کے برعکس پنجرے کو دیوار کے ساتھ لٹکانے کی تجویز نہایت اعلیٰ ہے۔ یہ نہ صرف گھر میں دلکشی اور خوبصورتی لاتا ہے بلکہ جگہ کی کمی کو پورا کرکے خوبصورت پرندوں کو نمائش کے لئے بھی پیش کرتا ہے۔

عمودی باغ

وقت گزرنے کے ساتھ عمودی باغات کا رجحان مقبول ہوگیا ہے کیونکہ یہ ایک چھوٹی سی جگہ کو سبزہ زار میں بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ صرف چند پودوں کو اپنی دیواروں میں ریکس کی مدد سے یا لٹکتے ہوئے گلدانوں میں لگا کر آپ ایک سیدھی سادی اور بے رونق دیوار میں رنگ اور زندگی بھر سکتے ہیں۔

تعمیرات سے مزید