• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائم علی شاہ اعتزاز احسن اور رحمان ملک کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر وفاق جواب طلب

 لاہور(خبرنگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی کے  رہنماؤں وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ،  سینیٹراعتزاز احسن اور سینیٹر رحمان ملک کی نااہلی کے لیے درخواست پر وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیئے اور اس نکتہ پر معاونت طلب  کر لی  کہ کیا کوئی رکن اسمبلی بیک وقت دو سیاسی جماعتوں کا رکن ہوسکتا ہے یا نہیں ،مقامی شہری سید اقتدار حیدر شاہ کی  درخواست میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی بیک دو سیاسی جماعتوں کی رکنیت رکھنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔سماعت کے دوران درخواست گزار نے بتایا کہ  پیپلز پارٹی اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین دو الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں لیکن وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ،سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزازاحسن اور سینیٹر رحمان ملک  بیک وقت پیپلز پارٹی اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے رکن ہیں جس کی آئین اور قانون میں کوئی گنجائش نہیں۔ رکن اسمبلی صرف کسی ایک سیاسی جماعت کا رکن ہوسکتا ہے۔ سیاسی جماعتوں کی دوہری رکنیت رکھنے پر قائم علی شاہ،  اعتزازاحسن اور رحمان ملک کو نااہل قرار دیا جائے۔ ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن سے تین ہفتوں میں جواب طلب کر تے ہوئے اٹارنی جنرل پاکستان  اور ایڈووکیٹ جنرل سے قانونی معاونت مانگ لی۔
تازہ ترین