• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانامالیکس معاملہ ، پرویزالٰہی سے شاہ محمود قریشی کی ملاقات

لاہور(نمائندہ خصو صی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں پاناما لیکس پر یو این او کی کرائمز انوسٹی گیشن کمیٹی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا اور اتفاق رائے پایا گیا کہ صدر سپریم کورٹ بار علی ظفر، ڈاکٹر خالد رانجھا اور اعتزاز احسن سمیت ممتاز ماہرین قانون سے مشاورت کی جائے گی، پانامالیکس کی تحقیقات بااختیار کمیشن کرے اور اس سلسلہ میں فارنزک آڈٹ کی عالمی طور پر مسلمہ فرم کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔ اس موقع پر سینیٹر کامل علی آغا، طارق بشیر چیمہ ایم این اے اور محمد خان لغاری موجود تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ نوازشریف نے ہمیشہ شہبازشریف کو غلط طور پر نوازا اور آڑے وقت میں کمر درد کے بہانے ملک سے باہر بھاگ جانے کے باوجود صرف بھائی سمجھ کر وزیراعلیٰ بنایا لیکن وہ آج بھائی اور بھتیجے کو کیوں ڈیفنڈ نہیں کر رہے، انہیں چاہئے کہ اورنج لائن کے ڈبہ سے باہر آئیں، ’’شہبازلیکس‘‘ پاناما لیکس سے بڑی کرپشن ہے جس نے ہمارے دور کا خوشحال پنجاب برباد کر دیا۔ شاہ محمود قریشی نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی سیاسی بصیرت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے تجربات اور دانش سے مستفید ہونا چاہتے ہیں، پاکستان مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کا مؤقف واضح طور پر ایک ہے، لوٹ مار اور کرپشن کا بازار گرم ہے ہم مضبوط اپوزیشن چاہتے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے شاہ محمود قریشی سے اظہار تشکر کے بعد کہا کہ شہبازشریف کی گڈ گورنینس کا یہ حال ہے کہ چھوٹو گینگ قابو نہیں آ رہا، پی ٹی آئی اور پاکستان مسلم لیگ نے مل کر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تازہ ترین