اسلام آباد بارکونسل نے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان پر خاتون ایم پی اے کے شوہر کی جانب سے کیے گئے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آج ہڑتال کی کال دے دی۔
اسلام آباد بار کونسل کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار میں آج ہڑتال ہوگی،جبکہ بار کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت 24گھنٹے کے اندر اندر واقعے میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن لے۔
وائس چیئرمین اسلام آباد بارکونسل قاضی رفیع الدین بابرکی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے کہ اگر حکومت نے واقعے پر ایکشن نہ لیا تو پاکستان بار کی مشاورت سے آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پہلے گز رنے کے تنا زعہ پر رکن پنجاب اسمبلی عابدہ راجہ کے شوہر نے ایڈیشنل سیشن جج ملک جہانگیر کو مکے مار کر ان کی ناک کی ہڈی توڑ دی تھی۔
خاتون ایم اے کے شوہر کی جانب سے مکوں کی ضر ب سے گاڑی میں بیٹھے جج کی آنکھ اور ہونٹوں پر بھی زخموں کے نشان آ ئے جبکہ بائیں ٹا نگ پربھی چوٹ لگی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پارلیمنٹ ہائوس ٹریفک سگنل پر گاڑیوں کا آپس میں کراسنگ کی وجہ سے جھگڑا ہوا جس میں گاڑی نمبر کے ای 004 جس کو چوہدری خرم چلا رہا تھا جبکہ دوسری گاڑی نمبر اے او بی 992 کرولا تھی جسے ایڈیشنل سیشن جج ملک جہانگیر چلا رہے تھے۔