پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ سجل علی کا کہنا ہے کہ کسی بھی معاشرے میں خواتین کا تحفظ لازمی ہے۔
لاہور موٹر وے پر خاتون کے ساتھ ہونے والی اجتماعی زیادتی کے افسوسناک واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے، عوام کے ساتھ حکومت اور شوبز کی معروف شخصیات بھی اس حادثے پر آواز اٹھارہی ہیں اور ملزمان کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کررہی ہیں۔
اسی واقعے کے تناظر میں سجل علی نے بھی اپنا ایک سوشل میڈیا پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیگ کرتے ہوئے سوال کیا کہ موجودہ نظام کو ہمیشہ کسی بھی ایکشن کیلئے بروقت احتجاج کی کیوں ضرورت پیش آتی ہے؟‘
ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ہماری عوام کب تک اس خوف کا سامنا کرے گی اب تو ہمارے بچے، خواتین اور یہاں تک کہ جانور بھی جنسی زیادتی سے محفوظ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ملزمان کو سرعام پھانسی نہ دی جائے گی تب تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
اداکارہ نے لکھا اگر وزیراعظم بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی کرنے والے ملزمان کو سرعام پھانسی نہیں دیں گے تو کچھ بھی تبدیل نہیں ہوگا، وزیر اعظم اس مرتبہ سرِ عام پھانسی دے کر ایک مثال قائم کریں، یہی میرا مطالبہ ہے۔