پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے لاکھوں روپے منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار ملزم کی ضمانت درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم کو رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ پشاور ہائی کورٹ نے ملزم عابد اللہ ساکن شاہ کس جمرود کی جانب سے ایڈووکیٹ افراسیاب گل ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر ضمانت درخواست کی سماعت کی ، استغاثہ کے مطابق پولیس نے ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں پر دو دیگر ملزمان کے ساتھ موجود تھا جس کے قبضے سے پولیس نے 32کلو ہیروئن ، 31کلو گرام افیون اور 15لیٹر شراب برآمد کی اور ملزمان کے خلاف تھانہ جمرود میں منشیات کا مقدمہ درج کردیا گیا ۔ ملزم کے وکیل نے ضمانت درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ملزم کے خلاف شواہد ناکافی ہیں اور جبکہ بیانات میں بھی تضاد ہیں ۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد ملزم کی ضمانت درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم کو رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔