بالی ووڈ کے مقبول ترین اداکار سلمان خان نے بھارتی ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے سیزن 14 کی میزبانی کے لیے 450 کروڑ روپے (ساڑھے 4 ارب ) کا معاہدہ کیا ہے۔
سلمان خان کی میزبانی میں بگ باس کی شہرت اور تنازعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا اور پروگرام نے ریٹنگ اور کمائی کے نئے ریکارڈ بھی بنائے۔
سلمان خان نے رواں برس مذکورہ شو کی میزبانی کے لیے اپنی فیس بڑھائی ہے، گزشتہ برس اداکار نے مجموعی طور پر 26 قسطوں کے لیے مجموعی معاوضہ 403 کروڑ روپے طے کیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 3 اکتوبر سے شروع ہونے والے بگ باس کے میزبان اور بالی ووڈ کے دبنگ ہیرو اس سال فی قسط کا 20 کروڑ روپے معاوضہ وصول کریں گے۔
سلمان خان گزشتہ 10 برس سے اس شو کی میزبانی کرتے آ رہے ہیں اور ہر سال انہوں نے اپنے معاوضے میں ماضی کے مقابلے میں اضافہ کیا ہے۔
بگ باس کے قریبی ذرائع کے مطابق اگر ہم فی قسط 20کروڑ روپے کا حساب لگائیں تو مجموعی طور پر 480 روپے بنتے ہیں لیکن سلمان خان کی ٹیم نے 450 کروڑ روپے پر ڈیل فائنل کردی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس رقم میں پروموز اور ورچوئل پریس کانفرنسز کی فیس بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پروڈیوسرز یہ بھاری معاوضہ دینے کو تیار ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ سلمان خان شو کی زیادہ ریٹنگ کی بنیادی وجہ ہیں۔
اس سیزن میں ٹک ٹاک اسٹارز سمیت سوشل میڈیا پر اثر انداز ہونے والے(انفلوئنسر) افراد بھی شامل ہوں گے۔